اڈپی 5/جنوری (ایس او نیوز) پیجاور مٹھ کے وشویشورا تیرتھ سوامی نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر میں تاخیرکرنا ہندوؤں کے لئے شرمندگی کا باعث ہوگیا ہے۔رام چندرا پورا مٹھ ہوس نگر کی طرف سے منعقدہ منگلا گؤ یاتراکے ایک پروگرام کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سوامی نے کہا کہ رام مندر کے لئے کی گئی تمام جد وجہد اکارت گئی ہے۔کتنے شرم کی بات ہے کہ ہندوؤں کی اتنی بڑی اکثریت کے باوجود اس ملک میں بھگوان رام کے لئے ایک مندر تعمیر کرنا ممکن نہیں ہوسکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جانوروں کی حفاظت کے سلسلے میں مخالفت اور مزاہمت کی جاتی ہے۔ جبکہ جانور زندگی کے لئے اہم وسیلہ ہیں۔جانوروں کی حفاظت کے لئے بہت سارا احتجاج اور جدوجہد کی جاچکی ہے۔لیکن اکثریت کی آواز جانوروں کے خلاف ہونے والے ظلم کو کم کرنے میں ناکام رہی۔انہوں نے منگلا گؤ یاترا کا اہتمام کرنے کے لئے رامچندرا پورا مٹھ کی ستائش کی۔
آر ایس ایس کے لیڈر کلاڈکاپربھا کر بھٹ نے کہا کہ ہندوازم کے کلچراور روایات پر حملے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔جانور قومی دولت ہیں جس کی حفاظت کی جانی چاہیے۔ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کرنے کے لئے جانوروں کوذبح کیا جاتا ہے اور حکومت گائے ذبح کرنے والوں کی حمایت کرتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلیمی نظام اخلاقیات سے دور ہوتا جارہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رام مندر کسی بھی قیمت پر تعمیر کیا جائے گا۔اس لئے کہ یہ ہندوؤں کے فخر اور وقار کی علامت ہے۔